جھانسی / فتح پور19فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) یوپی اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کے درمیان وار۔جوابی کا دورمسلسل جاری ہے۔ پی ایم مودی نے اتوارکوفتح پور کی ریلی میں اکھلیش یادو پر طنز کستے ہوئے کہا کہ یوپی کے وزیراعلیٰ اب کمزورپڑتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اکھلیش کی آواز میں اب پہلے جیسا دم نہیں رہا اور وہ بازی ہار چکے ہیں۔ پی ایم مودی نے اکھلیش پر حملہ بولتے ہوئے کہاکہ اتر پردیش میں امتیازی سلوک سب سے بڑا بحران ہے، ناانصافی کی جڑ میں امتیازی سلوک ہے۔ ادھراکھلیش یادونے جھانسی کی انتخابی ریلی میں کہا کہ جب وزیر اعظم کو بولتے۔بولتے پانی پینا پڑ جائے اور سردی میں پسینہ پوچھنا پڑے تو سمجھ لو سات مراحل کے بعد یوپی کے عوام کتنا پسینہ پوچھوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو یہ پتہ لگ چکا ہے کہ عوام کا رخ اس کے خلاف ہے۔ اسمبلی انتخابات کے تیسرے اورچوتھے مرحلے کے بعد بی جے پی کے تمام لیڈروں کا بلڈ پریشر ناپنا پڑے گا۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے ساتھ اسٹیج شیئرکرتے ہوئے اکھلیش یادونے’اچھے دن‘ آنے کا وعدہ کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی پر بڑا حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اچھے دن والوں نے بندیل کھنڈ میں پانی کے ٹینکروں والی خالی ٹرین بھیجی تھی۔ انہوں نے کہاکہ سوشلسٹوں نے بندیل کھنڈ کے لوگوں کی ضرورت کے وقت مدد کی ہے، خشک کے موقع پر راحت پیکٹ تقسیم کئے، پنشن دیئے، ترقیاتی کام ہوئے، مگر' اچھے دن 'والے دھوکہ کرتے ہیں، تبھی تو خشک کے وقت بندیل کھنڈ میں پانی کی خالی ٹرین بھیجی تھی۔بندیل کھنڈ میں گزشتہ سال موسم گرما میں پانی کے مسئلے کے درمیان مرکز کی طرف سے ریموٹ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لئے ٹرین بھیجی گئی تھی، مگر ان ٹینکروں میں پانی نہیں تھا۔ سیاسی تنازعہ کے چلتے یہ ٹرین جھانسی ریلوے اسٹیشن پر کئی دن کھڑی رہی تھی۔اکھلیش نے کہا کہ سوشلسٹوں کے پاس تو گنانے کے لئے بہت کام ہیں، مگر ان اچھے دن آنے کا وعدہ کرنے والوں نے نوٹ بندی کرکے غریب، کسان کو لائن میں کھڑا کر دیا، بہت سے لوگوں کی تو جان تک چلی گئی۔ ایس پی حکومت نے ان متاثرین کی مدد کرتے ہوئے دو دو لاکھ روپے دیئے۔ مودی جی نے کیادیا؟۔ تعزیت کے دولفظ تک نہیں کہے۔